کراچی بار کے الیکشن تشویشناک تاخیر کا شکار ہیں جہاں نامعلوم وجوہات کے باعث پولنگ شروع نہیں ہوسکی۔ 13دسمبر کو شیڈول الیکشن آج 18دسمبر کو کرائے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی بار کے الیکشن 13دسمبر کو شیڈول تھے جو مؤخر کرکے 18دسمبر کو ہونے ہیں تاہم کل شب الیکشن کمشنر کی طبیعت کی ناسازی کے باعث الیکشن میں تاخیر ہوئی۔
حکام کے مطابق الیکشن کیلئے ووٹنگ صبح سے شام تک بلا تعطل ہونا تھی، تاہم عوام کی بڑی تعداد تشویش میں مبتلا ہے۔ الیکشن مؤخر کرنے کا نیا اعلان تاحال سامنے نہیں آیا، نہ ہی اب تک ووٹ کاسٹنگ کا مرحلہ شروع ہوسکا۔
دوسری جانب جنرل سیکریٹری کراچی بار ایسوسی ایشن غلام رحمان کورائی نے رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے جس میں کراچی بار کے سالانہ الیکشن 2026 کے لیے متبادل الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اپریل کے دوران صدر کراچی بار پر مبینہ طور پر حملہ ہوا جس کے خلاف سندھ ہائیکورٹ بار کے وکلا نے ہڑتال کرتے ہوئے عدالتِ عالیہ کی مرکزی عمارت کے دروازے بند کروادئیے تھے۔
سندھ ہائیکورٹ میں کسی سائل کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم عدالتی عملے کو داخل ہونے دیا گیا۔ رہنما سندھ ہائیکورٹ بار مرزا سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ صدر کراچی بار عامر وڑائچ کی طبیعت اب بہتر ہے، ہڑتال کے باعث وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








