ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے اعلان نے عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی نئی زندگی بخش دی۔
منگل کے روز سرمایہ کاروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی جب 100 انڈیکس میں حیرت انگیز 5878 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں آج کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جس نے آہستہ آہستہ شدت اختیار کی اور 100 انڈیکس 5 فیصد اضافے کے بعد 122045 پوائنٹس کی تاریخی سطح تک جا پہنچا۔
اتنی بڑی تیزی کے بعد مارکیٹ میں “سرکٹ بریکر” لگا دیا گیا، جس کے تحت کاروبار وقتی طور پر روک دیا گیا تاکہ سرمایہ کاروں کو پوزیشن کا جائزہ لینے کا موقع مل سکے۔
یہ پیش رفت ایک دن بعد سامنے آئی ہے جب پیر کے روز مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مارکیٹ شدید مندی کا شکار رہی تھی، اور انڈیکس 3855 پوائنٹس گر کر 116167 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
جنگ بندی کی اس خبر نے عالمی منڈیوں میں بھی استحکام پیدا کیا ہے۔ منگل کی علی الصبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کی توثیق اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے بھی کی گئی۔
پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ایران نے باقاعدہ جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا جبکہ اسرائیل نے اپنی فضائی حدود کو دوبارہ کھول دیا۔ امریکی صدر نے دونوں فریقین سے جنگ بندی کی مکمل پاسداری کی اپیل بھی کی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں سیاسی استحکام کا یہ اشارہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کر رہا ہے، جس کے اثرات اسٹاک مارکیٹ سمیت دیگر معاشی شعبوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








