پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز سرمایہ کاروں نے منافع کی وصولی پر زور دیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ اپنی ابتدائی بلندی کو برقرار نہ رکھ سکی۔ ٹریڈنگ سیشن کا آغاز پرامید انداز میں ہوا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس نے 147,892 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھوا تاہم فروخت کے بڑھتے دباؤ نے دن بھر کے منافع کو ماند کر دیا اور انڈیکس 146,417 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 476 پوائنٹس یعنی 0.32 فیصد کی کمی کے ساتھ 146,529 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی جہاں عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو سی اے اے 2 سے بڑھا کر سی اے اے 1 کر دیا۔ اس فیصلے کی وجہ اسلام آباد کی بہتر ہوتی بیرونی مالیاتی پوزیشن کو قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ منگل کو پی ایس ایکس نے اتار چڑھاؤ سے بھرپور سیشن کے بعد ریکارڈ سطح پر اختتام کیا تھا جہاں انڈیکس 75.48 پوائنٹس کے اضافے سے 147,005 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے حالیہ منافع سمیٹنے کے لیے کی جانے والی فروخت نے مارکیٹ کی رفتار کو متاثر کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








