آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں بھارتی کھلاڑیوں نے نمایاں پوزیشنز پر قبضہ جما لیا ہے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو کئی شعبوں میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے شبمن گِل بدستور سرفہرست ہیں جبکہ کپتان روہت شرما ایک درجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستانی اسٹار بابر اعظم جو پہلے نمبر ایک پوزیشن پر تھے ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔
بھارت کے عظیم بلے باز ویرات کوہلی چوتھے نمبر پر برقرار ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ 12ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان کے کپتان محمد رضوان ایک درجہ گر کر 23ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے دو درجے کی چھلانگ لگائی اور 575 پوائنٹس کے ساتھ 24ویں پوزیشن پر پہنچ گئے جبکہ عباس آفریدی نے بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ 572 پوائنٹس حاصل کر کے 26ویں نمبر پر جگہ بنائی۔
اسپنر صفیان مقیم اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھی اپنی پوزیشنز بہتر کیں اور بالترتیب 33ویں اور 34ویں نمبر پر آ گئے۔ تاہم اسپنرز محمد نواز دو درجے گر کر 58ویں اور ابرار احمد ایک درجہ تنزلی کے بعد 61ویں نمبر پر ہیں، شاداب خان بھی ایک درجہ گر کر 73ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلے انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پاکستانی اسٹارز بابر اعظم اور محمد رضوان جو 2024 سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے باہر ہیں ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب 18ویں اور 20ویں نمبر پر ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز دو درجے گر کر 32ویں اور صائم ایوب 559 پوائنٹس کے ساتھ 38ویں پوزیشن پر ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان 64ویں ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا 77ویں فخر زمان 79ویں اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث دو درجے تنزلی کے بعد 88ویں نمبر پر ہیں۔
بھارت کے ابھیشیک شرما ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دو درجے گر کر چوتھے نمبر پر ہیں۔ بھارت کے تیلاک ورما دوسرے اور انگلینڈ کے فل سالٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








