وقت کے ساتھ چلو ورنہ پیچھے رہ جاؤ گے؛ کیا کوڈک اپنی بقا کی جنگ جیت پائے گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فوربس)

ایسٹ مین کوڈک وہ تاریخی کمپنی جس نے فوٹوگرافی کے میدان میں انقلاب برپا کیا اب سنگین مالی مسائل کا شکار ہے۔ 133 سال پرانی یہ کمپنی اپنے سرمایہ کاروں کو خبردار کر رہی ہے کہ وہ شاید زیادہ عرصے تک کاروبار جاری نہ رکھ سکے۔

ایسٹ مین کوڈک کی مالیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اس کے پاس اپنے تقریباً 50 کروڑ ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے نہ تو کوئی پختہ مالیاتی وسائل ہیں اور نہ ہی فوری نقد رقم۔ کمپنی نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ یہ حالات کمپنی کے جاری رہنے کی صلاحیت پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔

کوڈک نے نقد رقم کے حصول کے لیے اپنے ریٹائرمنٹ پنشن پلان کی ادائیگیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی، کمپنی کا کہنا ہے کہ امریکی مصنوعات پر عائد ہونے والی ممکنہ محصولات اس کے کاروبار پر زیادہ اثر نہیں ڈالیں گی کیونکہ اس کی زیادہ تر مصنوعات جیسے کہ کیمرے سیاہی اور فلم امریکہ میں ہی تیار کی جاتی ہیں۔

کوڈک کے سی ای او جم کونٹینزا نے مالیاتی رپورٹ میں کہاکہ دوسری سہ ماہی میں غیر یقینی کاروباری ماحول کے باوجود کوڈک نے اپنے طویل مدتی منصوبوں میں پیش رفت جاری رکھی۔

سی این این کو دیے گئے ایک بیان میں کوڈک کے ترجمان نے منگل کو کہا کہ کمپنی کو یقین ہے کہ وہ اپنے قرض کا ایک بڑا حصہ وقت سے پہلے ادا کر لے گی اور باقی قرضوں یا ترجیحی اسٹاک کے وعدوں کو یا تو ایڈجسٹ کرے گی بڑھائے گی یا دوبارہ فنانس کرے گی۔

ایسٹ مین کوڈک کمپنی کی بنیاد 1892 میں رکھی گئی لیکن اس کی جڑیں 1879 تک جاتی ہیں، جب جارج ایسٹ مین نے اپنی پہلی پیٹنٹ پلیٹ کوٹنگ مشین کے لیے حاصل کی۔ 1888 میں ایسٹ مین نے پہلا کوڈک کیمرہ 25 ڈالر میں متعارف کرایا۔ اس وقت فوٹوگرافی ایک پیچیدہ اور محدود عمل تھا لیکن کوڈک کیمرہ نے اسے عام لوگوں کے لیے قابل رسائی بنایا۔ جارج ایسٹ مین کا نعرہ تھاکہ آپ بٹن دبائیں، باقی ہم کریں گے۔

کوڈک نام کی کوئی خاص معنیٰ نہیں تھی یہ جارج ایسٹ مین کی تخلیق تھی جنہیں حرف “K” پسند تھا کیونکہ یہ مضبوط اور واضح لگتا تھا۔

کوڈک نے ایک صدی تک کیمروں اور فلموں کی تیاری میں کامیابی حاصل کی۔ 1970 کی دہائی میں یہ امریکہ میں 90 فیصد فلموں اور 85 فیصد کیمروں کی فروخت کا ذمہ دار تھا۔کوڈک کی یہ شاندار پوزیشن زیادہ دیر نہ رہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوڈک نے ہی 1975 میں پہلا ڈیجیٹل کیمرہ متعارف کرایا تھا لیکن وہ اس ٹیکنالوجی کے عروج سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ 2012 میں، کمپنی نے دیوالیہ پن کے لیے درخواست دائر کی جب اس کے قرضے 6.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔

2020 میں کوڈک کو امریکی حکومت کی جانب سے دواسازی کے خام مال کی تیاری کیلئے منتخب کیا گیا جس سے اس کے حصص کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا تاہم یہ عارضی ریلیف زیادہ دیر نہ چل سکی۔

Related Posts