بھارتی بلے باز سریش رائنا سٹے بازی میں ملوث؟ بھارت میں بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق دھواں دھار بلے باز سریش رائنا کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک سنسنی خیز معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔ 13 اگست کو دہلی میں ای ڈی کے صدر دفتر میں ہونے والی اس تفتیش کا تعلق آن لائن بیٹنگ ایپ سے ہے، جس کے برانڈ ایمبیسیڈر رائنا ہیں۔

ای ڈی کی جانب سے سریش رائنا کے علاوہ دیگر مشہور کرکٹرز اور بالی ووڈ ستاروں کو بھی اس کیس میں شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایجنسی ان بیٹنگ ایپس کی تشہیر اور ان سے منسلک اشتہارات کی چھان بین کر رہی ہے جن پر ٹیکس چوری اور سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے کے سنگین الزامات ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ ایپ غیر قانونی سرگرمیوں اور کروڑوں روپے کے مالیاتی گھپلوں کے الزامات کی زد میں ہے۔

اسی طرح کے الزامات دیگر مشہور شخصیات پر بھی عائد کیے گئے ہیں۔ تلنگانہ پولیس نے بالی ووڈ اداکاروں رانا دگوبتی اور پرکاش راج سمیت 25 فنکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔ دونوں اداکاروں نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب ایسی ایپس کی حمایت نہیں کرتے مگر ای ڈی نے انہیں بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ رائنا نے بھارت کے لیے 18 ٹیسٹ، 221 ون ڈے، اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، جہاں انہوں نے اپنی بلے بازی سے مداحوں کے دل جیتے۔ تاہم، اب یہ تنازع ان کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے۔

Related Posts