پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی موت تشدد سے ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تصدیق ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظرعام پرآگئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پی ٹی آئی کارکن علی بلال پر تشدد کی تصدیق ہوگئی، علی بلال کی موت دماغ میں گہری ضرب آنے کے بعد خون زیادہ بہنےسے ہوئی، مقتول علی بلال کے جگر اور لبلبہ میں خون جمع ہونا بھی موت کی وجہ بنا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دماغ میں خون جمع ہونے سے علی بلال کا بلڈپریشر انتہائی کم ہوگیا تھا، ان کے جسم کے حساس اعضاء پر بھی تشدد کیا گیا، علی بلال کی کھوپڑی کا ایک حصہ بری طرح سے متاثر ہوا تھا۔

گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کی نماز جنازہ بابا گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں فرخ حبیب، اعجاز چودھری، حماد اظہر، اعظم سواتی، شفقت محمود، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:

پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری، مزید 3 دہشت گرد ہلاک

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے بدھ کو زمان پارک سے پنجاب ضمنی الیکشن کی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لاہور پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی۔

ریلی کے دوران لاہور پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا تھا۔ جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور متعدد کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔ اس موقع پر پارک جہانگیر ٹاؤن لاہور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی اۤئی کارکن علی بلال جاں بحق ہوگئے تھے۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے علی بلال کے قتل کا ذمے دار لاہور پولیس کو ٹھہرایا گیا ہے۔ پی ٹی اۤئی وکیل نے واقعہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کےلئے جو درخواست جمع کرائی تھی اس میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ ، آئی جی پنجاب، سی سی پی او اور متعلقہ پولیس افسران کو نامزد کیا گیا تھا۔

Related Posts