دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، پانی کی فراہمی کتنی متاثر ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

پانی کی فراہمی
(فوٹو: نیوز 24)

کراچی کو پانی فراہم کرنے والے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن سے کراچی کے باسیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بریک ڈاؤن رات 12 بج کر 20 منٹ پر ہوا، بجلی کے بریک ڈاؤن سے لائن نمبر 5 دو مقامات سے متاثر ہے ۔

ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مرمتی کام شروع کر دیا گیا ہے جو اگلے 36 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ مرمتی کام کے دوران شہر کو 10 کروڑ گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کراچی کو پہلے ہی پانی کی شدید کمی کا سامنا ہے، بہت سے علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کسی چیلنج سے کم نہیں۔

شہر کے متعدد علاقوں میں جو پانی فراہم کیا جارہا ہے وہ صحت کے رہنما اصولوں سے متصادم ہے۔ بہت سے علاقوں میں شہری پانی کی لائن سے ہی محروم ہیں اور اگر لائن موجود ہے تو پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر میں پانی سے محروم شہری دہائیاں دے رہے ہیں اور پانی کی فراہمی کیلئے پہلے گدھا گاڑی اور اب رکشہ پر سوار ناقص پانی کے ٹینکرز پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں۔

جن علاقوں میں پانی کے مسائل شدید ہوچکے ہیں ، وہاں عوام ہزاروں روپے دے کر مہینے بھر کے گزارے کیلئے ٹینکر ڈلوانے پر مجبور ہیں اور ٹینکر مافیا کا راج ہے جو مہنگے داموں پانی فروخت کرکے شہریوں کا خون چوس رہا ہے۔

Related Posts