کراچی سمیت سندھ بھر میں طاقتور ہوا کے کم دباؤ کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ موسم کا یہ طاقتور نظام صوبے میں داخل ہوتے ہی بارشوں کا سلسلہ لے آیا ہے۔
کراچی میں فجر کے وقت سے ہلکی بارش کا آغاز ہوا جو دن چڑھنے کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور شام تک مزید تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات اور ماہرین نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
شہر کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ہے۔ مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، اور وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی سے موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
اس وقت شہر میں مون سون کے طاقتور ڈیپ ڈپریشن کے زیر اثر بارش کے بادل چھا چکے ہیں۔ کراچی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 30 سے 60 منٹ تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جیسے جیسے یہ موسمی نظام مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، بارش کی شدت اور دورانیے میں مزید اضافہ ہوگا۔
یہ نظام اپنی شدت کے ساتھ سندھ کی مشرقی اور جنوبی مشرقی پٹی سے براہ راست ٹکرا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق چند روز قبل ہی اندازہ لگایا گیا تھا کہ یہ طاقتور نظام فضاؤں میں انتہائی سازگار ماحول اختیار کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بارشوں کا سبب بنے گا۔
فی الحال اس کے اثرات گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، کراچی اور ٹھٹہ سمیت ملک کے کئی علاقوں تک پھیل چکے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس نظام کے باعث کئی مقامات پر موسلادھار بارشوں، تیز ہواؤں اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ نظام اپنی شدت اور وسعت کے لحاظ سے حالیہ دنوں کا ایک اہم موسمی واقعہ ہے، جو نہ صرف سندھ بلکہ ملک کے دیگر حصوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








