نیٹ فلکس کی نئی ویسٹرن ڈرامہ سیریز دی ابنڈنز ناظرین کو 1850 کی دہائی کے امریکی مغربی علاقوں میں لے جانے کی کوشش کرتی ہے جہاں طاقت، لالچ، خاندانوں کے جھگڑے اور انتقام کی کہانیاں خواتین کی قیادت میں آگے بڑھتی ہیں۔
یہ سیریز 4 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوئی اور مجموعی طور پر 3 میں سے 3 اسکور حاصل کرتی ہے لیکن ناقدین کے مطابق یہ 2.5 ریٹنگ سے زیادہ کی مستحق نہیں۔ لینا ہیڈی اور جیلیئن اینڈرسن جیسے بڑے نام اور کرٹ سوٹر جیسا معروف تخلیق کار ہونے کی وجہ سے توقعات بہت بلند تھیں مگر سیریز انہیں پورا کرنے میں پوری طرح کامیاب نہ ہو سکی۔
کہانی 1854 کے واشنگٹن ٹیریٹری میں دو خاندانوں کی دشمنی کے گرد گھومتی ہے۔ ایک طرف دولت اور طاقت کا گھر، وان نیس خاندان ہے جس کی سربراہی جیلیئن اینڈرسن کا کردار کنسٹینس وان نیس کرتی ہیں جبکہ دوسری طرف غریب مگر بہادر اور متحد ابنڈن خاندان ہے جس کی لیڈر لینا ہیڈی کا کردار فیونا نولن ہے۔

دونوں خاندان چاندی کی کان کی زمین پر جھگڑتے ہیں اور ایک چھپا ہوا راز اس کشیدگی کو مزید خطرناک بنا دیتا ہے۔ امیر و غریب کی کشمکش، روایات اور ترقی کا ٹکراؤ اور خاندانوں کے اندرونی مسائل کہانی کو آگے بڑھاتے ہیں لیکن کہیں کہیں رفتار سست اور جذباتی گہرائی کم محسوس ہوتی ہے۔
سیریز کی سب سے مضبوط بات اس کی کاسٹ ہے۔ جیلیئن اینڈرسن اور لینا ہیڈی نے بہترین اداکاری کی ہے۔ ان کے ساتھ نک رابنسن، ڈیانا سلورز، لیمار جونسن اور دیگر اداکار بھی نمایاں کام کرتے نظر آتے ہیں۔ سنز آف اینارکس کے خالق کرٹ سوٹر اس سیریز کے بھی خالق اور شو رنر ہیں، اور ان کے کچھ پرانے اداکار بھی اسی سیریز میں کام کر رہے ہیں۔ ناقدین کے مطابق شاندار کاسٹ کمزور کہانی کو سہارا دیتی ہے اور یہی اس سیریز کی سب سے بڑی خوبی ہے۔
سیریز میں کافی کمزوریاں نمایاں ہیں۔ کہانی اپنے پورے اثر کے ساتھ سامنے نہیں آتی جبکہ رفتار بھی کئی جگہ کمزور ہے اور سیریز کے ٹائٹل ویژولز کو سستا اور مصنوعی قرار دیا گیا ہے۔ ناقدین کی رائے ہے کہ یہ شو نیٹ فلکس کی 2017 کی کامیاب ویسٹرن سیریز گاڈلیس کے معیار تک نہیں پہنچ پاتا۔
پہلا سیزن 7 اقساط پر مشتمل ہے اور 4 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوا۔ ناقدین نے ایپی سوڈ 5 کو خاص طور پر سراہا ہے جس میں کرٹ سوٹر کی پرانی مہارت کی جھلک ملتی ہے اور اسے اس بات کی نشانی کہا جا رہا ہے کہ اگلا سیزن شاید بہتر ہو۔
نقادوں کا کہنا ہے کہ سیریز کو صرف اس کی کاسٹ اور اداکاری کی وجہ سے دیکھنا چاہیے لیکن توقعات زیادہ نہیں رکھنی چاہئیں۔ یہ سیریز ویسٹرن جینر کے شائقین کے لیے قابلِ توجہ ہے مگر سنز آف اینارکس یا گاڈلیس جیسا اثر چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہوتی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








