پیپلز پارٹی نے کینال تنازع پر وفاق سے مذاکرات کیلئے معاملہ صدر کو سونپ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

PPP refers canal issue to President for talks with federal govt
DUNYA NEWS

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں کینال منصوبے کے تنازع کو صدر آصف علی زرداری کے سپرد کر دیا ہے تاکہ وہ اس معاملے کو وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری عیدالفطر کے بعد وفاقی حکومت سے دریا ئے سندھ پر چھ نئی نہروں کی تعمیر کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔

وہ اس مسئلے پر وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کریں گے تاکہ معاملے پر باضابطہ مشاورت ہو سکے۔

سندھ بھر میں نہری منصوبوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی اپنی احتجاجی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس سے صوبائی حکومت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اس مسئلے پر نہ تو پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ کیا اور نہ ہی مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کے مطالبے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے کسی نہری منصوبے کی منظوری نہیں دی۔

انہوں نے کہاکہ صدر کو آبپاشی اور اضافی زرعی اراضی کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی لیکن اجلاس کے غلط منٹس جاری کیے گئے۔

مراد علی شاہ نے وضاحت کی کہ صدر زرداری کی زیر صدارت اجلاس کے منٹس کو غلط طریقے سے استعمال کر کے یہ تاثر دیا گیا کہ انہوں نے نہری منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

Related Posts