سعودی عرب اور کئی خلیجی ممالک میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں عید کی عظیم الشان نمازیں ادا کی گئیں، جہاں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔
سعودی سپریم کونسل نے گزشتہ شام شوال کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی، جس کے بعد اتوار کے دن عید الفطر منانے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
مسجد الحرام میں عید کی نماز کی امامت شیخ عبدالرحمن السدیس نے کی، جبکہ مسجد نبوی میں شیخ عبداللہ نے نماز پڑھائی۔ اس موقع پر عالمِ اسلام کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
متحدہ عرب امارات میں چاند دیکھنے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا اور شہادتیں موصول ہونے کے بعد عید کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ قطر، کویت اور بحرین سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔
عید الفطر امریکہ، برطانیہ، فرانس اور ترکیہ میں بھی آج منائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایران، عمان، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی، آسٹریلیا، بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کے باعث ان ممالک میں عید پیر کو منائی جائے گی۔
ابتدا میں یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ اس سال بیشتر ممالک میں ایک ہی دن عید منائی جائے گی تاہم سعودی عرب میں چاند نظر آنے کے بعد وہاں رمضان 29 دنوں میں مکمل ہو گیا۔ اس کے برعکس، پاکستان میں اب تک چاند دیکھنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








