صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات نا گزیر ہیں، ٹیکس چوری سے ملکی معیشت متاثر ہوتی ہے، ملک بڑی آزمائشوں میں ہے، چھوٹی چھوٹی چپقلشوں میں پڑے رہے تو ترقی نہیں کر سکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ٹیکس آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان ،وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ،مختلف ایوان صنعت وتجارت کے صدورسمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:
کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مغوی بچے بازیاب
صدرمملکت نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے حجم کے حساب سے ملک میں محصولات کی شرح صرف 9فیصد ہے،ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ ملکی ترقی کے لئے ٹیکس دینا ضروری ہے، ٹیکس چوری سے ملکی معیشت متاثر ہوتی ہے،بدقسمتی سے پاکستان میں بہت کم شہری ٹیکس ادا کرتے ہیں،شرح نمو کے حساب سے ملک میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو بڑھانے کیلئے مربوط پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی لانی ہے تو ہر شہری کو ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ٹیکس ادا کرنا ہو گا کیونکہ ترقی یافتہ ممالک میں ہر شہری ٹیکس دیتا ہے۔ ٹیکس کی رقوم ملک وقوم کی ترقی کے لیے خرچ ہونی چاہیے اور ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملنا چاہئے۔ سرکاری امور میں تاخیر سے رشوت ستانی کو فروغ حاصل ہوتا ہے جس سے کرپشن بڑھتی ہے۔ بحیثیت قوم ملکی ترقی کے لیے ہمیں خوشی کے ساتھ ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا چاہیے ،ٹیکس زیادہ لینے پر تو بحث کی جاسکتی ہے لیکن ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کے لیے کوئی بحث نہیں بنتی اور جو ٹیکس نہیں دیتا تو ریاست کو یہ حق حاصل ہے کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








