اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے فرانسیسی صدر کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے بیان اور یورپی ممالک میں مقدس شخصیات کی توہین پرشدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ کو مسلمانوں کے جذبات کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
اسلام آباد میں عید میلاد النبیﷺ کی تقریبات کے سلسلے میں قومی رحمت اللعالمین کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے بیان سمیت ریاستی سطح پر ان ممالک میں توہین آمیز کارروائیوں کی سرپرستی معاشرے بگاڑ پیدا کریگی۔
صدر مملکت نے مذہبی اسکالرز پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں ، صحت ، صفائی ستھرائی اور مساوات سمیت معاشرتی امور پر لوگوں کو آگاہی کے لئے موثر طریقے سے مسجد کے پلیٹ فارم کو استعمال کریں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ علماء کلین اینڈ گرین پاکستان ، خواتین کے موروثی حقوق اور قابل علاج بیماریوں کے بارے میں معلومات عام کریں۔
انہوں نے کورونا کے خلاف کامیاب جدوجہد میں علمائے کرام کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط قوم کے طور پر ابھرے گا۔
صدر مملکت نے معاشرتی مسائل کے حل کے لئے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺنے خاص طور پر معاشرے میں مساوات ، غریبوں کے حقوق ، ماحولیاتی تحفظ اور صفائی پر توجہ دی۔
دریں اثنا ء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ اسلام ماحولیاتی تحفظ اور فطرت کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے۔
زرتاج گل نے آب و ہوا کی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کو درپیش چیلنجوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پانچواں سب سے زیادہ کمزور ملک ہے۔
اس سلسلے میں زرتاج گل نے علما سے اپیل کی کہ وہ ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔