سوشل میڈیا پر صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ طلب کیے جانے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، جس پر حکومت نے فوری اور سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ طلب کیے جانے کی افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نہ تو صدر سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے اور نہ ہی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے صدارت سنبھالنے کی کوئی خواہش ظاہر کی ہے۔
محسن نقوی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ “ہم بخوبی جانتے ہیں کہ اس منفی مہم کے پیچھے کون ہے جس کا ہدف صدر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف ہیں۔
We are fully aware of who is behind the malicious campaign targeting President Asif Ali Zardari, Prime Minister Shahbaz Sharif, and the Chief of Army Staff. I have categorically stated that there has been no discussion,nor does any such idea exist,about the President being asked…
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) July 10, 2025
انہوں نے مزید کہا کہ صدر زرداری اور مسلح افواج کی قیادت کے درمیان تعلق باوقار اور مضبوط ہے۔ انہوں نے اس پروپیگنڈے کو دشمن غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر چلائی جانے والی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے بھی ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان پیپلز پارٹی کے بغیر نظام نہیں چل سکتا۔
صدر آصف علی زرداری کی قیادت کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ استعفیٰ سے متعلق افواہیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ صدر زرداری ملک کے پہلے سول صدر ہوں گے جو دو بارہ مدت پوری کریں گے۔”
یہ وضاحتیں اس وقت سامنے آئی ہیں جب سوشل میڈیا پر صدر زرداری کے استعفے اور آرمی چیف کی صدارت سنبھالنے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ حکومت اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے ان افواہوں کو بے بنیاد اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








