ملک میں مہنگائی کا دباؤ ایک بار پھر بڑھنے لگا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سالانہ مجموعی افراطِ زر 4.57 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 24 ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 8 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 33.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پیاز کی قیمت 8.70 فیصد، انڈوں کی 2.18 فیصد اور آٹے کی 1.42 فیصد بڑھی۔ اسی طرح چینی، گھی، کوکنگ آئل، لہسن اور آلو جیسی بنیادی اشیاء بھی مہنگی ہو گئیں۔
دوسری جانب، چکن کی قیمت میں 6.38 فیصد، کیلے کی قیمت میں 4.70 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ پیٹرول، ڈیزل، دالوں اور چاول کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ عوام کے لیے مالی دباؤ بڑھا رہا ہے، جبکہ حکومت مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








