لندن :برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے اپنا یوٹیوب چینل بنالیا ،شاہی جوڑے نے اپنے یوٹیوب چینل پر پہلی ویڈیو بھی اپ لوڈکردی ہے جن میں ان کے یادگار لمحات کی جھلکیاں ہیں۔
یوٹیوب چینل کا نام دا ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج ہے اور چندگھنٹوں میں ہی اسے 78 ہزار سے زائد افراد سبسکرائب کرچکے ہیں جب کہ یہ چینل یوٹیوب انتظامیہ نے ویری فائی(تصدیق)بھی کردیا ہے۔صارفین کی جانب سے بڑی تعداد میں شاہی جوڑے کو خوش آمدید کیا جارہا ہے اور مبارک باد بھی دی جارہی ہے، شاہی جوڑے نے اپنی یوٹیوب چینل پر دورہ پاکستان سے متعلق ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
دوسری جانب برطانوی شاہی خاندان کی چھوٹی بہو میگھن مرکل نے بچوں کے لیے کتاب لکھی ہے تاہم ناقدین نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے یہ خود نہیں لکھی بلکہ دوسری کتاب کا آئیڈیا چرایا ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث چِھڑ گئی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق دی بینچ کے نام سے میگھن مرکل کی کتاب اگلے ماہ جون میں باضابطہ شائع ہوگی۔ناقدین کا کہنا تھا کہ میگھن کی کتاب 2018 میں شائع ہونے والی کتاب دی بوائے آن دی بیچ کی ہو بہو نقل ہے۔
دلچسپ بات ہے کہ دی بوائے آن دی بینچ کی مصنفہ خود میگھن کا دفاع کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میگھن اور ان کی کتاب میں بہت فرق ہے۔
واضح رہے کہ ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل، اپنی بچوں کے لیے لکھی گئی پہلی کتاب جلد پیش کرنے جا رہی ہیں، یہ کتاب شہزادہ ہیری اور ان کے بیٹے آرچی سے تعلق پر مبنی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق رینڈم ہاوس چلڈرن بکس نامی پبلشرز نے اعلان کیا کہ میگھن کی لکھی ہوئی کتاب دی بینچ کو 8 جون کو لانچ کیا جائے گا۔