راولپنڈی :تھانہ صادق آباد کے علاقے فاروق اعظم روڈ پر موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی،اے ایس آئی ندیم سیٹھی اور کانسٹیبل نجیب زخمی ہو گئے۔
موٹرسائیکل سوار ملزمان فائرنگ کرتے ہو موقع سے فرار ہو گئے ہیں،زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، سی پی او محمد احسن یونس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے ہمراہ ہسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔
سی پی او نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے،اے ایس آئی ندیم سیٹھی پولیس پارٹی کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کے سلسلہ میں ریڈ کے لئے جا رہے تھےکہ فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا۔
ایس پی راول کی ہدایت پرملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچنگ کا عمل جاری ہے، ایس پی روال کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا، راولپنڈی پولیس شہریوں کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔