امریکا میں نجی طیارہ اڑان بھرنے سے قبل تباہ، 8افراد کی ہلاکت کا خدشہ

تازہ ترین

تازہ ترین

نجی طیارہ
(فوٹو: سی این این)

امریکی شہر بینگور  میں نجی طیارہ ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق حادثہ بینگور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا جبکہ کاروباری نوعیت کے نجی جیٹ طیارے میں مجموعی طور پر 8 افراد سوار تھے، جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا جب طیارہ رن وے سے اڑان بھرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ رن وے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بمبارڈئیر چیلنجر 600 ماڈل کا نجی بزنس جیٹ تھا۔ طیارے میں سوار افراد کی شناخت اور حالت سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور دیگر متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

کچھ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ شدید برفانی طوفان اور خراب موسمی حالات کے دوران پیش آیا۔ اس وقت امریکا کے شمال مشرقی حصے میں شدید سرد موسم اور برفباری کے باعث فضائی اور زمینی ذرائع آمدورفت شدید متأثر ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں بے شمار پروازیں تاخیر کا شکار اور منسوخ ہوئیں۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی حتمی وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔

Related Posts