نئی دہلی: کانگریس رہنما پریانکا گاندھی نے نریندر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی نے بھارتی عوام کو قرض میں ڈبو دیا ہے۔
بھارتی میڈیا(روزنامہ سیاسی تقدیر) کا کہنا ہے کہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گزشتہ 10 سال میں عوام کو سکون دینے کی بجائے بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
پیغام میں کانگریس رہنما پریانکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت عوام کو مسلسل قرض کی دلدل میں کیوں دھکیل رہی ہے؟ بھارتی وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ موجودہ مالی سال میں بی جے پی حکومت 14 لاکھ کروڑ سے زائد قرض لینے والی ہے، لیکن کیوں؟
کانگریس رہنما پریانکا گاندھی نے کہا کہ بھارت نے 1947 میں اپنی آزادی سے لے کر 2014 تک کے 67 سال میں جتنا قرض لیا اس کا تخمینہ 55لاکھ کروڑ روپے بنتا ہے لیکن صرف گزشتہ 10 سال میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی یہ قرض بڑھا کر 205 لاکھ کروڑ روپے تک لے آئے۔
جنرل سیکریٹری کانگریس پریانکا گاندھی نے کہا کہ گزشتہ 10سال میں بی جے پی حکومت نے 150 لاکھ کروڑ روپے کا قرض لیا اور آج بھارت کا ہر شہری اوسطاً ڈیڑھ لاکھ روپے کا مقروض ہے۔ یہ پیسہ قومی تعمیر میں کس طرح استعمال ہوا؟ کیا اس سے نوکریاں پیدا کی گئیں؟
پریانکا گاندھی نے کہا کہ کیا کسانوں کی آمدنی دو گنا ہوئی؟ کیا اسکول اور ہسپتال بنائے گئے؟ کیا بھارت میں بڑی فیکٹریاں یا صنعتیں لگائی گئیں؟ اگر ایسا نہیں ہوا تو بھارتی معیشت تباہ ہورہی ہے۔ اگر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار تباہ ہورہے ہیں تو قرض کا پیسہ کہاں گیا؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








