بھارت کی حامی محبوبہ مفتی نے پہلگام حملہ دہلی کی سازش قرار دیدی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مودی سرکار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پہلگام حملے کو سوچی سمجھی سازش قرار دے دیا۔

پہلگام فالس فلیگ حملے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے کشمیری مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے ظلم کے بعد محبوبہ مفتی نے مودی سرکار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس حملے کو کشمیریوں پر مزید کریک ڈاؤن کا جواز فراہم کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ قرار دیا۔

جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ حملے کے بعد نہتے کشمیریوں کو دہشتگرد قرار دے کر وحشیانہ جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلگام میں دو روز قبل اغوا ہونے والے نوجوان امتیاز ماگرے کی لاش ندی سے ملی ہے جس کی ذمہ داری بھارتی سیکیورٹی ایجنسیاں ہیں۔

محبوبہ مفتی نے انکشاف کیا کہ بانڈی پورہ، کولگام اور دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز نے عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا، ان کے گھروں پر چھاپے مارے، گرفتاریاں کیں اور متعدد کو ماورائے عدالت مقابلوں میں ہلاک کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پہلگام حملے کی مکمل طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ سچائی عوام کے سامنے آسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ مودی سرکار کی طرف سے کشمیری مسلمانوں پر ظلم کرنے اور عالمی توجہ کو حقیقی مسائل سے ہٹانے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔

دوسری جانب دفاعی ماہرین نے بھی اس حملے کو مودی سرکار کی ایک خطرناک سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ کا مقصد کشمیر میں بے گناہ مسلمانوں کو نشانہ بنانا تھا جو کہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

Related Posts