کراچی:جامعہ کراچی میں چینی انسٹیٹیوٹ پر دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ڈائریکٹر جنرل رینجرز کی کراچی یونیورسٹی میں آمد کے لئے جامعہ کا چوتھی بار پروگرام تبدیل ہوا ہے، بعض اساتذہ کی جانب سے رینجرز کی سیکورٹی، کینٹینوں کی بندش اور رینجرز کینٹین کو لیکر تنقید بھی کی جارہی ہے۔
جامعہ کراچی کے استاد و قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر مقصود علی انصاری نے 6 مئی کو نوٹی فکیشن No.P.A/2022_280/C جاری کیا جس میں جامعہ کراچی کے شعبہ جات کے چیئرمین، چیئرپرسن، انچارجز، فکلیٹیز کے ڈین اور سینٹر کے ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ قائم مقام وائس چانسلر نے 10 مئی کو سہ پہر ڈھائی بجے اپنے آفس میں ایک اہم میٹنگ بلائی ہے جس میں سیکورٹی کے حالیہ مسائل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

جس کے بعد قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر مقصود علی انصاری نے 9 مئی کو نوٹی فکیشن 915/2022جاری کیا جس میں انہوں نے ایک بار پھر شعبہ جات کے چیئرمین، چیئرپرسن، فکلیٹی کے ڈینز، سینٹرز کے انچارج اور ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ سیکورٹی کو مذید مضبوط بنانے کے لئے ڈائریکٹر رینجرز پاکستان (سندھ) کے ساتھ اہم تعارفی سیشن رکھا گیا ہے، جس میں تمام فکلیٹی ممبرز سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اس سیشن میں لازمی شرکت کریں ، سیشن 11 مئی دن 11 بجے آرٹس آڈیٹیوریم میں منعقد کیا جائے گا۔

جس کے بعد ایک بار پھر 9 مئی کو ہی قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر مقصود انصاری نے ایک اور نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں شعبہ کے چیئرپرسن، فکلیٹی کے ڈین، سینٹرز کے ڈائریکٹرز کے علاوہ اساتذہ کو بھی شامل کرکے تیسری بار پھر کہا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ کے ساتھ سیشن 12 مئی کو منعقد کیا جائے گا، پروگرام جمعرات کو دن 10 بج کر 45 منٹ پر آرٹس آڈیٹیوریم میں منعقد کیا جائے گا۔
پروگرام کا شیڈول چوتھی بار تبدیل کرتے ہوئے قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر مقصود انصاری نے رات گئے ایک اعلان جاری کیا کہ “چینی قونصل خانے سے وائس چانسلر اور ڈی جی رینجرز کی ہنگامی ملاقات کے باعث آرٹس آڈیٹوریم میں آج کا پروگرام ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہو گا ۔ اس لیے آپ سے گزارش ہے کہ صبح 11.30 بجے جمع ہوں ” جب کع تیسرے اعلان میں مذکورہ ٹائمنگ 10 بج کر 45 منٹ رکھی گئی تھی ۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








