تجارت و صنعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، علی نواز اعوان

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی اور قومی اسمبلی کے رکن علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ تجارت وصنعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہماری یہ ہر ممکن کوشش ہے کہ کاروبار کرنے اور صنعتوں کو چلانے کے عمل کو آسان بنایا جائے اور کاروباری لاگت میں بھی کمی لائی جائے اسی تناظر میں حکومت نے مالی سال  2021-22 کے بجٹ میں ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں کمی کی اور بزنس کمیونٹی کو ریلیف فراہم کیا۔

یہ بات انہوں نے اسمبلی بلڈنگ میں اپنے دفتر میں پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن( پائما) کے وائس چیئرمین و کنوینر ایف پی سی سی آئی یارن ٹریڈنگ قائمہ کمیٹی فرحان اشرفی سے ملاقات کے موقع پر کہی۔

قبل ازیں فرحان اشرفی سمیت سابق صدر ایف پی سی سی آئی انجم نثار ، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر شاہ زیب اکرم نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس، ریونیو و اکنامک افیئرز کے چیئرمین سینیٹر محمد طلحیٰ محمود کی زیرصدارت اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں فرحان اشرفی نے یارن اور کپڑے کے تاجروں کی جانب سے بجٹ اناملیز کی نشاندہی کی اور اسے دور کرنے کی استدعا کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے پائما کے وائس چیئرمین فرحان اشرفی سے اپنے چیمبر میں ملاقات کے موقع پر بجٹ اناملیز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے تاجر برادری کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا بلکہ صنعتی خام مال پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کی اور ٹیکسز میں کمی تاکہ پیداواری سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رکھی جاسکیں اور ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو۔

انہوں یارن کے تاجروں کو درپیش مسائل اور بجٹ اناملیز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

Related Posts