پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز بھی تیزی کا سلسلہ جاری ہے جہاں کاروبار کے آغاز کے صرف بیس منٹ بعد ہی کے ایس ای100 انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 9 بج کر 40 منٹ پر مارکیٹ 151020 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہی تھی جو گزشتہ سیشن کے 150591 پوائنٹس سے نمایاں زیادہ تھی۔
گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا، جب کے ایس ای100 انڈیکس 820 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح 150591 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز مجموعی طور پر 667اعشاریہ 8 ملین سے زائد حصص کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 40اعشاریہ 7 ارب روپے رہی۔
اس دوران 487 کمپنیوں کے شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی، جن میں سے 240 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 216 کے شیئرز کی قیمت میں کمی جبکہ 31 کمپنیوں کے شیئرز مستحکم رہے۔
نمایاں تجارتی حجم رکھنے والی کمپنیوں میں بینک آف پنجاب 5 کروڑ 22 لاکھ سے زائد شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہا، جس کے بعد ورلڈ کال ٹیلی کام اور فوجی سیمنٹ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
یونیلور فوڈز لمیٹڈ کے شیئرز کی قیمت میں سب سے زیادہ 616 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 32394 روپے فی شیئر پر بند ہوا۔
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے شیئرز میں بھی 180 روپے کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دوسری جانب بھنیرو ٹیکسٹائل ملز کے شیئرز میں سب سے زیادہ 74 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
فیوچر مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا جہاں 323 کمپنیوں میں سے 166 کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 154 میں کمی اور 3 کمپنیوں کے شیئرز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری میں بتدریج بہتری اور معاشی اشاریوں میں مثبت رحجان کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ مسلسل تیزی کی جانب گامزن ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








