پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے قومی مفاد اور ڈیجیٹل سلامتی کے تحفظ کے لیے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد ویب سائٹس اور ہزاروں یوٹیوب لنکس کو بلاک کر دیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق بلاک کی گئی ویب سائٹس پر ریاست مخالف، گمراہ کن اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف مواد نشر کیا جا رہا تھا۔
حکام نے بتایا کہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے نہ صرف عوام میں اشتعال انگیزی پیدا کی جا رہی تھی بلکہ بیرونی ایجنڈے کے تحت قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں بھی کی جا رہی تھیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق، اب تک ایک لاکھ 19 ہزار 496 ویب سائٹس، 3 ہزار 248 یوٹیوب لنکس بلاک کر دیئے گئے ہیں جبکہ درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی زیرِ نگرانی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ نمایاں یوٹیوبرز جن پر پاک فوج یا قومی اداروں کے خلاف مہم چلانے کے الزامات ہیں، پی ٹی اے کی نگرانی میں آ چکے ہیں۔ ان کے چینلز کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت سے باقاعدہ اجازت طلب کی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے بند ویب سائٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ بند ویب سائٹس کی تفصیلات جاری کرنا رازداری اصولوں کے باعث ممکن نہیں ہے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش یوٹیوب کی بندش کی خبریں غلط اور گمراہ کن ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں ایک پرانی (2012 کی) پریس ریلیز کی بنیاد پر پھیلائی گئیں جن کا حالیہ اقدامات سے کوئی تعلق نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








