عوام ہوشیار خبردار! بھارتی ایجنسیوں نے پاکستانیوں کو نوکریوں کی آڑ میں ہدف بنالیا، پی ٹی اے کا انتباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

PTA launches nationwide drive against online job scams linked to Indian agencies
ONLINE

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے جعلی آن لائن ملازمتوں اور ڈیجیٹل فراڈ کے خلاف ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے جنہیں بھارتی خفیہ اداروں کی سرگرمیوں سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ایجنسیاں پاکستانی شہریوں کو پرکشش تنخواہوں کی پیشکش کر کے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان جعلی کمپنیوں کا مقصد پاکستان کے کلیدی اداروں اور تنصیبات سے متعلق معلومات اکھٹی کرنا ہے۔

پی ٹی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے بھارتی ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کے نوجوانوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے، خاص طور پر لنکڈ اِن اور جاب گلف جیسے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے، جہاں پر جعلی کمپنیوں کے نمائندے روزگار کی پیشکش کے بہانے پاکستانی صارفین سے رابطہ کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان ایجنٹس کی جانب سے نوجوانوں کو مختلف تحقیقاتی یا سروے کے نام پر حساس مقامات، قومی منصوبوں اور سرکاری عمارات کی تصاویر اور تفصیلات فراہم کرنے پر اکسایا جاتا ہے جنہیں بعد ازاں پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے تصدیق کی ہے کہ متعدد جعلی ویب سائٹس کی نشاندہی کر کے انہیں بلاک کر دیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ مہم عوام کو آن لائن فراڈ، فشنگ اسکیمز اور جعلی اشتہارات سے متعلق آگاہ کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے تاکہ قومی سلامتی کو درپیش سائبر خطرات سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مشکوک ویب سائٹس یا ای میلز سے ہوشیار رہیں اور کسی غیر معروف ادارے کو اپنی ذاتی یا پیشہ ورانہ معلومات فراہم نہ کریں۔

ادارے نے کہا کہ عوامی شعور ہی سائبر خطرات کے خلاف پہلی دفاعی دیوار ہے، اس لیے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ آن لائن سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دے۔

Related Posts