پی ٹی اے کا نامناسب اور غیر اخلاقی مواد کیخلاف ایکشن، ساڑھے 10لاکھ سے زائد لنکس بلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

نامناسب مواد
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے نامناسب اور غیر اخلاقی مواد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ساڑھے 10لاکھ سے زائد لنکس بلاک کردئیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے غیرقانونی ڈیجیٹل مواد کو فروغ دینے پر 10 لاکھ سے زائد ویب لنکس اور یو آر ایل بلاک کردئیے جن میں فیس بک اور ٹک ٹاک پر غیرقانونی اور نامناسب مواد شیئر کرنے پر سب سے زیادہ سخت ایکشن لیا گیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق  پی ٹی اے نے فیس بک کے 2 لاکھ 29 ہزار لنکس چیک کرکے رپورٹ کیے اور 1 لاکھ97 ہزار بلاک ہوئے، انسٹاگرام پر43 ہزار یو آر ایل چیک کیے گئے جس کے بعد 38 ہزار بند کردیے گئے، اس کی بلاکنگ ریٹ شرح 87فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کے ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد غیرقانونی مواد کے لنکس کی جانچ پڑتال کی گئی، ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد ٹک ٹاک ویڈیوز کے لنکس بند کردئیے گئے، ٹک ٹاک پر سب سے سخت کریک ڈاؤن ہوا اور  94 فیصد مواد کو بلاک کیا گیا۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے یوٹیوب پر 72 ہزار لنکس کی جانچ پڑتال کی جن میں 64 ہزار سے زائد لنکس بلاک کیےگئے، ایکس کے 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد لنکس چیک کیے گئے جن میں سے70 ہزار 800 لنکس کو بلاک کردیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ  ایکس پر بلاکنگ ریٹ سب سے کم رہا جہاں  صرف 62 فیصد مواد بلاک کیا جاسکا جب کہ دیگر مختلف پلیٹ فارمز پر8 لاکھ 98 ہزار لنکس کی چیکنگ کی گئی جس میں سے 8 لاکھ 91 ہزار لنکس کو بلاک کردیا گیا۔

کہا گیا کہ توہین عدالت، بیہودگی، مذہب کے خلاف، پراکسی اور نفرت انگیز مواد کے14 لاکھ سے زائد لنکس اور یو آر ایل بند کیے گئے۔ بیہودگی اور اخلاقیات کے خلاف موادسرفہرست رہا، 10 لاکھ 61 ہزار سے زائد لنکس کو بلاک کیا گیا،

اسی طرح ریاست اور دفاع پاکستان کے خلاف ایک لاکھ 48 ہزار لنکس بلاک کیے گئے، مذہب کے خلاف مواد پر 1 لاکھ 9 ہزار سے زائد لنکس کو بند کیا گیا جب کہ  فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد پر 76 ہزار لنکس بلاک کیے گئے جبکہ ہتک عزت اور جعلی شناخت سے متعلق مواد کی بلاکنگ سب سے کم ہوئی۔

Related Posts