ملک بھر میں مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارۂ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 0.25 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں مجموعی ہفتہ وار مہنگائی 3.87 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ادارۂ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 13 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 13 اشیاء سستی ہوئیں اور 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ مہنگی ہونے والی اشیاء میں ٹماٹر کی قیمت 27.64 فیصد، گندم کے آٹے کی قیمت 3.26 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 2.19 فیصد اضافہ شامل ہے۔
اسی طرح سرخ مرچ، دال مونگ، خشک دودھ اور لکڑی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل رہیں۔ دوسری جانب گزشتہ ہفتے ٹماٹر 6.72 فیصد، پیاز 3.82 فیصد اور چکن 1.66 فیصد سستا ہوا، جبکہ نمک، دال چنا، چاول، گھی اور دال مسور کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔
اس کے علاوہ سالانہ بنیادوں پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 35 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 21 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق چینی کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں 10.43 فیصد بڑھ چکی ہیں، جبکہ بیف، مرچ، گڑ، لکڑی اور کپڑے بھی سالانہ بنیادوں پر مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سال کے دوران گیس چارجز میں بھی 30 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








