تحریک انصاف حکومت نے الیکشن کمیشن سے استعفے کا مطالبہ کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

تحریک انصاف حکومت نے الیکشن کمیشن سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا
تحریک انصاف حکومت نے الیکشن کمیشن سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔

وفاقی وزراء شبلی فراز اور فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ناکام ہو چکا ہے اور نیوٹرل ایمپائر کا کردار ادا نہیں کررہا اس لیے اسے بحیثیت مجموعی استعفیٰ دینا چاہیے۔

شفقت محمود نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد الیکشن کمیشن سے اُٹھ چکا ہے، انہوں نے کہا کہ نیا الیکشن کمیشن بنے جس پر سب کا اعتماد ہو۔ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے اراکین فوری استعفیٰ دیں اور پارلیمان کو موقع دیا جائے کہ نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے، جس پر سب کا اعتماد ہو۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ عام انتخابات ڈھائی سال بعد ہوں گے جب کہ ضمنی الیکشن ہوتے رہتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن پر اعتماد ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا الیکشن کمیشن کے خلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کریں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ وزیراعظم کا بہت دیر سے مطالبہ تھا الیکشن میں پیسے کی طاقت ختم ہو، وزیراعظم سینیٹ الیکشن کی شفافیت کے لیے چاہتے تھے کہ اوپن بیلٹ کے ذریعے ہو۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ سے یہی کہتے آئے ہیں کہ ووٹ کی خرید وفروخت سے سینیٹ الیکشن کو پاک کرنا ہے، 2018 میں سینیٹ انتخابات میں پھر منڈیاں لگیں، سپریم کورٹ نے کہا ووٹنگ کا طریقہ بدلنے کے لیے پارلیمنٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت ہے اسے بھی الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں رہا، اگر دوسری جماعتوں سے پوچھیں تو وہ بھی الیکشن کمیشن کی شکایت کرتی نظرآتی ہیں۔

Related Posts