پاکستان تحریک انصاف نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتیوں کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر مملکت کا اعلامیہ آ چکا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد اور آرمی چیف مقرر ہونے پر عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ 8 ماہ کے واقعات نے واضح طور پر ملک میں تفریق پیدا کی، 8 ماہ میں جو اقدامات کیے گئے ان سے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچا، پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہیدکردیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:
نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی وزیراعظم سے ملاقات
تحریک انصاف کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج کی نئی قیادت سے توقع ہے کہ وہ آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرےگی جبکہ نئے الیکشن کے ذریعے عوام کو حق انتخاب دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ صاف و شفاف قبل از انتخابات ملک میں جاری بحران کا واحد حل ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ ملک کے درد محسوس والے تمام افراد اور ادارے کو جمہوری مستقبل یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار کرنا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








