پاکستان تحریکِ انصاف کی سینئر سیاسی رہنما اور پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو لاہور سے گرفتار کرنے کے بعد مبینہ طور پر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالیہ حمزہ کی گرفتاری کے متعلق تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آسکا۔ میڈیا رپورٹس میں پولیس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ عالیہ حمزہ گرفتار ہوگئیں اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ماضی قریب میں رہنما پی ٹی آئی عالیہ حمزہ کو 9 مئی کے مختلف مقدمات میں سزا سنائی گئی۔ عدالت نے عالیہ حمزہ کو 9 مئی کے مختلف مقدمات میں 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا۔
عالیہ حمزہ اپریل 2025 کے دوران نورانی محلہ میں پارٹی کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کے لیے پہنچی تھیں، جہاں پولیس نے انہیں حراست میں لے کر ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ کو گرفتار کر کے سول لائنز پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا، جہاں پارٹی کارکنان کو بھی رکھا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








