کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اتوار کو کراچی اور حیدرآباد میں دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر براہ راست دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا۔
ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ چیپٹر کے صدر علی زیدی نے کہا کہ 20 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی نتائج روکے جا رہے ہیں اور ان کے امیدوار ریٹرننگ افسران (آر اوز) کے دفاتر کے باہر انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نہ صرف متعصب ہے بلکہ پی ڈی ایم کے ساتھی کے طور پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سیاسی انجینئرنگ کے حصے کے طور پر فتح یاب کرایا جا رہا ہے، اور پوچھا کہ کراچی کے لوگ پولس کی بدحالی دیکھ کر پیپلز پارٹی کو کیسے ووٹ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ زرداری اور بلاول کی پیپلز پارٹی کو نہیں پہچانتے، اور خدشہ ظاہر کیا کہ اس دباؤ کے بعد سندھ پولیس (گرفتار کرنے کے لیے) ان کا پیچھا کرنا شروع کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری، کلین سویپ کا دعویٰ
علی زیدی نے کہا کہ ان کی پارٹی کے پاس انتخابی نتائج میں دھاندلی اور ہیرا پھیری کے تمام شواہد موجود ہیں اور انہیں جلد ہی سندھ کے بلدیاتی انتخابات کو چیلنج کرنے کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








