پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ستائیسویں ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالنے کے بعد سینیٹ سے استعفی دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کے خلاف ستائیسویں ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالنے کے بعد سینیٹ کے فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے استعفے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترمیم کے حق میں ووٹ پاک فوج کی وجہ سے دیا، پاک فوج نے دشمن بھارت کو شکست فاش دی، جس کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پوری دنیا میں عزت ملی۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے جنگ میں بھارت کے خلاف پاکستان کو فتح حاصل ہوئی۔
اپنے خطاب میں سیف اللہ ابڑو نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر برا وقت آیا تو پارٹی نے میرا اور میرے خاندان کا ساتھ نہیں دیا اور ہمیں تنہا چھوڑ دیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے ڈی نوٹیفائی کریں، میں اپنی نشست سے استعفیٰ دیتا ہوں، تاہم چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو واپس بلائیں گے۔
واضح رہے کہ سیف اللہ ابڑو 2021 میں سندھ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ ان کی مدت مارچ 2027 تک تھی، تاہم اب انہوں نے استعفے کا اعلان کردیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








