اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان شعیب شاہین نے کہا ہے کہ اگر پارٹی کے بانی عمران خان کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کو دھمکیاں دینے اور قتل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دہشت گرد ملک کی دیگر جیلوں کے بجائے صرف اڈیالہ جیل کو ہی کیوں نشانہ بناتے ہیں؟
ترجمان پی ٹی آئی کا یہ بیان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حالیہ اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں 3 افراد کو “افغان” دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے ان کے قبضے سے اڈیالہ جیل کا نقشہ، ایک دستی بم اور دیسی ساختہ بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔
نومبر 2022 میں، وزیر آباد میں ایک حکومت مخالف ریلی میں عمران خان کو قتل کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں ان کی ٹانگ میں گولی لگ گئی۔ عمران خان کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے باوجود ان کی پارٹی قومی اسمبلی میں قابل ذکر تعداد میں نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
پارٹی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ ان کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ شعیب شاہین نے الزام لگایا کہ بعض پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کی گنتی میں 99.99 فیصد تک ہیرا پھیری کی گئی، یہ ایک ایسا کارنامہ ہے جسے وہ 2024 کے ملک گیر انتخابی نتائج سے متعلق ریکارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کیے بغیر “ناممکن” سمجھتے ہیں۔
شعیب شاہین نے اسٹیبلشمنٹ کو دھمکاتے ہوئے اپنی پارٹی کی جانب سے عنقریب ایک وائٹ پیپر شائع کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ہم انتخابی نتائج کے ریکارڈ سے چھیڑ چھاڑ میں ملوث آر اوز کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ تحریکِ انصاف، جماعتِ اسلامی اور آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر کے پاس ایک ہی فارم45 ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








