اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حمزہ شہباز کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ اسی دوران چوہدری پرویز الٰہی نے بھی سپریم کورٹ میں پٹیشن میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عدالت نے پریزائیڈنگ افسر بنا دیا ہے، ان کا الیکشن سے کیا لینا دینا؟ ہاؤس پورا نہیں ہے، حج کے بعد اجلاس رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے 5 ارکان حج کیلئے گئے ہوئے ہیں، 6 ارکان ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے بیرسٹر علی ظفر کی سربراہی میں قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔