یاسمین راشد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

یاسمین راشد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
یاسمین راشد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کو ریاستی اداروں کے خلاف ریمارکس اور 9 مئی کو ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کو گزشتہ ماہ 9 مئی کو ہونے والے فسادات کے کیسز کے سلسلے میں یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں اور کارکنوں سے دوبارہ پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دی تھی۔

یاسمین راشد کو عدالت نے گزشتہ ہفتے 9 مئی کو لاہور کے شیر پاؤ پل کے قریب سرکاری اداروں کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز تبصرے اور عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی بدامنی سے متعلق کیس کے سلسلے میں پانچ دن کی جسمانی ریمانڈ کا حکم دیا تھا۔

اے ٹی سی کے جج نے آج سماعت کی جس کے دوران پولیس نے یاسمین راشد کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔

پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کا مزید جسمانی ریمانڈ طلب نہیں کیا جس پر عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:لاہور، سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد کی کینسر ٹیسٹ کیلئے درخواست منظور

اس کے علاوہ عدالت نے یاسمین راشد کی شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال جانے کی اجازت دینے کی درخواست بھی منظور کر لی۔ عدالت نے بدھ کو درخواست کی سماعت کی لیکن تحریری حکم آج جاری کر دیا گیا۔

Related Posts