جمعیت علماء اسلام کے ضلعی رہنما اور صدر فلاح و بہبود کمیٹی قاری عبداللہ بسمل نے فرید کالونی، رحیم شاہ کالونی، فقیرکالونی، ایرانی کیمپ میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے اور کھلے عام منشیات فروشی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوری کی وارداتوں سے کوئی گھر محفوظ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نشے کے عادی افراد رات کو گھروں اور مساجد میں گھس کر چوری کرتے ہیں۔ عوام میں خوف وہراس پھیل چکا ہے۔ پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ علاقہ ایس ایچ او اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے منشیات فروشی اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
پی آئی اے کو بیرونی سرمایہ کاری کے تحت پرائیویٹ شراکت داری سے چلانے کا منصوبہ
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ فلاح و بہبود کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاری عبداللہ بسمل نے کہا کہ منشیات فروشی کی روک تھام کے لئے انتظامیہ کی طرف سے کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔ پولیس چوروں اور منشیات فروشوں کے آگے بے بس ہو چکی ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ فوری نوٹس لیں۔
اجلاس میں علاقے میں پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم کو منتخب نمائندوں اور واٹر بورڈ انتظامیہ کی ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ اگر گریویٹی کے حساب سے ہمیں پانی نہیں دیا گیا تو ایم ڈی واٹر بورڈ کے آفس پر سخت احتجاج کیا جائے گا۔
اجلاس میں چیئرمین محلہ فلاح و بہبود کمیٹی ڈاکٹر گل محمد، وائس چیئرمین بخت زرین، جنرل سیکریٹری مشتاق، قاری محسن اللہ، مولانا فریداللہ، امجد شاہ، سیدزادہ، حیات خان، قاری ایوب کے علاوہ بڑی تعداد میں علماء کرام، علاقہ معززین نے شرکت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








