کراچی کے علاقے کورنگی میں آئے روز کی لوٹ مار سے عوام کا غصہ عروج پر پہنچ گیا، شہریوں نے بد ترین تشدد کرکے ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں شہری نے فائرنگ کردی، شہری سے لوٹ مار کرکے فرار ہوتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو عوام کے ہجوم نے پکڑ لیا۔ عوام نے دونوں ملزمان کو پکڑ کر خوب تشدد کا نشانہ بنایا جو ہلاک ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ عوامی کالونی تھانے کی حدود میں کورنگی نمبر 5 کے قریب پیش آیا۔ ملزمان شہری سے لوٹ مار کی کوشش کر رہے تھے تو شہری نے مزاھمت کردی۔ ڈاکوؤں نے شہری پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔
جواباً شہری نے بھی اپنے پستول سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب زخمی ڈاکو ساتھی کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش میں تھا تو شہریوں نے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑ لیا۔
بعد ازاں شہریوں نے دونوں ڈاکوؤں پر بد ترین تشدد کرکے لہو لہان کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دونوں ملزمان کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں وہ فائرنگ اور تشدد سے ہونے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکوؤں میں سے ایک کی شناخت اصغر کے نام سے ہوئی ہے جس نے شکارپور سے ایل ٹی وی لائسنس بنوایا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے ڈاکو کی شناخت نہیں ہوسکی، تاہم واقعے پر مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








