پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر نہانے پر پابندی عائد کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں عوامی نظم و ضبط، صحتِ عامہ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے متعدد سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان پابندیوں کا اطلاق 5 جون سے 11 جون 2025 تک ہوگا، جنہیں دفعہ 144 کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے عوامی مقامات پر سری پائے اور دیگر آلائشیں جلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ماحولیاتی آلودگی، بدبو اور شہری علاقوں میں پیدا ہونے والی صحت سے متعلق شکایات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

عید کے موقع پر کالعدم تنظیموں کی جانب سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے امکانات کو روکنے کے لیے حکومت نے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔

پنجاب بھر میں کالعدم یا مشتبہ تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور صرف رجسٹرڈ اداروں کو اجازت دی جائے گی، وہ بھی متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی منظوری کے بعد۔

حکومت پنجاب نے موسم گرما اور عید کی تعطیلات کے دوران نہروں، ڈیمز، جھیلوں اور دریاؤں میں نہانے یا کشتی رانی جیسے خطرناک شوق پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

ہر سال درجنوں نوجوان لاپروائی سے نہاتے ہوئے جان کی بازی ہار جاتے ہیں، جس کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

عید کے دنوں میں جانوروں کے فضلے، اوجھڑی اور دیگر آلائشیں مین ہولز، نالیوں یا نہروں میں پھینکنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

محکمہ بلدیات اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں عید کے دنوں میں خصوصی صفائی پلان پر عمل کریں گی، لیکن عوام سے بھی بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ماحول صاف ستھرا اور صحت بخش رہے۔

پنجاب کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوامی آگاہی کے لیے مقامی سطح پر اعلانات، بینرز، اور سوشل میڈیا کے ذریعے مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ عید قربان ایک مذہبی فریضہ ہے، مگر اس کا نظم و ضبط اور صفائی کے تقاضوں کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومت کی جانب سے ان اقدامات کا مقصد عوام کو محفوظ، صاف اور پرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔

Related Posts