ملک کے سب سے زیادہ گنجان آباد صوبے پنجاب میں سکیورٹی گارڈز نے گھر میں گھس کر شہری پر تشدد کیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر والے چیختے اور منت سماجت کرتے رہے، تاہم سکیورٹی گارڈز تشدد سے باز نہ آئے۔
تفصیلات کے مطابق نجی سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈز نے گھر میں گھس کر شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ سکیورٹی گارڈز مکان مالک کو مارتے پیٹتے اور گھسیٹتے نظر آئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر میں مووجد چھوٹے بچے اور خواتین گارڈز سے گھر کے سربراہ کو چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ویڈیو میں شہری کا بیٹا ہاتھ جوڑ کر الرحمان گارڈن کے سکیورٹی گارڈز سے اپنے والد کو چھوڑنے کا مطالبہ کرتا ہے، لیکن سکیورٹی گارڈز شہری کو گھر سے گھسیٹ کر گلی میں لے جاتے ہیں اور پھر مل کر گلی میں بھی شہری کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔
اہل خانہ کی چیخ پکار کے باوجود سوسائٹی کے گارڈز شہری پر شدید تشدد کرتے نظرآئے، گھر والوں نے اپنے گھر میں بیٹے اور والد کے جھگڑے کی شکایت کی تھی۔ سوسائٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گارڈز وہاں پہنچے تو گھر کی خواتین نے دروازہ خود کھولا تھا۔
سوسائٹی انتظامیہ کے مطابق جب گارڈز جھگڑا ختم کروانے کیلئے گھر میں داخل ہوئے تو گھر کے مالک نے گارڈز کو اندر دیکھ کر غصے میں آ کر گارڈز پر تشدد کیا جس پر سکیورٹی گارڈز نے اپنی جان بچانے کیلئے دیگر ساتھیوں کو بلا لیا اور خود پر کیے گئے تشدد کا بدلہ لیا۔
یہ واقعہ ضلع شیخوپورہ کے ایک تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متأثرہ شہری پر تشدد کی ویڈیو میں موجود چاروں گارڈز نوکری سے فارغ کردئیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متأثرہ فیملی نے گارڈز کے خلاف کارروائی کیلئے تاحال کوئی درخواست نہیں دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








