قلندرز کا خواب چکنا چور! کراچی کنگز نے 200 رنز کا ہدف چٹکیوں میں حاصل کر لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ پی ایس ایل)

پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے 35ویں میچ میں شائقین کو بھرپور ایکشن دیکھنے کو ملا جہاں کراچی کنگز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے 200 رنز کا بڑا ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیورڈ وارنر نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 63 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی راہ دکھائی اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے ساتھ خوشدل شاہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 44 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

دیگر بلے بازوں میں معین علی 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سلمان علی آغا اور اعظم خان 14،14 رنز بنا سکے۔ جیسن رائے 9 اور ریزا ہینڈرکس 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی مہنگے ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 51 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ عبید شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 62 رنز بنائے جبکہ فخر زمان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اوپننگ بیٹر محمد فاروق 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ چرتھ اسالانکا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ ڈینئل سیمز نے 20 رنز بنائے اور سکندر رضا 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی بولنگ میں معین علی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور رضوان اللہ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

Related Posts