ملتان: عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم اور بھائی وسیم کو بری کردیاہے۔ ملزم کی والدہ نے عدالت میں راضی نامہ جمع کرایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے بینچ نے مرکزی ملزم اور مقتولہ کے بھائی وسیم کو بری کیا۔ عدالت نے راضی نامہ جمع ہوجانے کے بعد ملزم کے حق میں فیصلہ سنایا۔
عدالت نے قندیل بلوچ کو قتل کرنے کے جرم میں ملزم کو عمر قید کی سزا سنا دی
خیال رہے کہ اس سے قبل ماڈل اور اداکارہ قندیل بلوچ کو 2016ء میں غیرت کے نام پر قتل کرنے کے جرم میں عدالت نے ستمبر 2019 میں مرحومہ کے بھائی وسیم کو عمر قید کی سزا سنا دی تھی۔
ملتان کی ماڈل کورٹ میں قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت 26 ستمبر 2019 کو مکمل ہونے کے بعد ماڈل کورٹ کے جج عمران شفیع نے فریقین کے دلائل، گواہوں کے بیانات اور جرح مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
پولیس کے مطابق قندیل بلوچ کا بھائی ان کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کی وجہ سے ناراض تھا، جس پر وہ انہیں غیرت کے نام پر قتل کرکے فرار ہوگیا۔مرکزی ملزم وسیم نے قتل کے اگلے روز پولیس کو ازخود گرفتاری دے دی۔
مقتولہ کے بھائی وسیم نے اقبال جرم بھی کیا تھا تاہم بعدمیں عدالت میں باقاعدہ فرد جرم عائد کی گئی تو اس نے انکار کردیا۔قندیل بلوچ کے والدین کی جانب سے بیٹے کو معاف کرنے کی درخواست پر عدالت نے نہایت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








