پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
167 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری گیند پر چھکا مارکر حاصل کیا۔ کوئٹہ کی جیت کے ساتھ کراچی کنگز اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ قلندر پہلے ہی اس ریس سے باہر ہوچکی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے، تاہم وسیم جونیئر نے شاہین کو چھکا مار کر اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ جتوادیا بلکہ اگلے مرحلے میں بھی پہنچا دیا۔ اس کے علاوہ سعود شکیل88 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، کپتان شاہین آفریدی نے 55 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 25، مرزا بیگ 12، شائے ہوپ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 2، محمد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ لی۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سعود شکیل نے 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ خواجہ نافع 26 اور جیسن رائے نے 18 رنز بنائے، محمد وسیم نے 2 گیندوں پر 7 رنز اسکور کیے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور جہانداد خان نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 4 سال بعد پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ کوئٹہ کی جیت کے ساتھ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں پلے آف میں پہنچنے والی 4 ٹیمیوں کا بھی فیصلہ ہوگیا۔
ملتان سلطانز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں اس دوڑ سے باہر ہوگئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








