کوئٹہ: پشین سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ نوجوان میں کانگو وائرس کی تشخیص ہوئی جو رواں سال اس مہلک وائرس سے جان کی بازی ہارنے والا پہلا مریض بن گیا۔
نوجوان مریض کو 29 مارچ کو تشویشناک حالت میں فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ٹیسٹ کے بعد اس میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مریض کو فوری طور پر آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
کرائیمین کانگو ہیمرجک فیور ایک جان لیوا وائرل بیماری ہے، جو خون چوسنے والے چیچڑوں کے ذریعے پھیلتی ہے۔
یہ وائرس پہلی بار 1944 میں کریمیا میں دریافت ہواجبکہ 1969 میں اس کی موجودگی افریقہ کے ملک کانگو میں بھی رپورٹ کی گئی، جس کے بعد اسے “کانگو وائرس” کہا جانے لگا۔
یہ وائرس انسانوں میں زیادہ تر متاثرہ چیچڑ کے کاٹنے یا مویشیوں، بھیڑ، بکریوں اور دیگر جانوروں کے خون اور جسمانی رطوبتوں کے براہ راست رابطے سے منتقل ہوتا ہے۔
اس سے خاص طور پر وہ افراد زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں جو مویشیوں یا زرعی شعبے سے وابستہ ہوتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








