بھارت ترقی کر رہا ہے، نریندر مودی کی تقریر پر راہل گاندھی کا اظہارِ عدم اطمینان

تازہ ترین

تازہ ترین

نئی دہلی: اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے بھارتی وزیر اعظم  کی تقریر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بھارت ترقی کی طرف جارہا ہے جس پر کچھ لوگ اداس ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا سے بدھ کے روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی صدر دروپڈی مرمو نے بصیرت انگیز تقریر کی اور کئی اراکین نے بحث میں حصہ لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ترکی اور شام میں زلزلہ، جاں بحق افراد کی تعداد 15ہزار سے زائد

لوک سبھا سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کی بات سننے سے پتہ چلتا ہے کہ کس میں کتنی صلاحیت ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ 2004 سے 2014 کے مابین کتنی بد عنوانی ہوئی۔ کچھ لوگ اداس ہیں کیونکہ بھارت ترقی کی طرف جارہا ہے۔

خطاب کے دوران بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ کسے فخر نہیں ہوگا کہ بھارت ایسے وقت میں بھی دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے۔ ایک وقت تھا جب ہم چھوٹی سی ٹیکنالوجی کیلئے بھی ترستے تھے۔ آج ہم بڑی طاقت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر اعظم کے خطاب کے بعد ایوان کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے معروف بزنس مین اڈانی پر کیے گئے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔ اگر وہ بدعنوانی میں ساتھی نہیں تو کہتے کہ تحقیقات کرائیں گے۔

کانگریس رہنما راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کی تقریر سے سچائی واضح ہے۔ میں نریندر مودی کی تقریر سے مطمئن نہیں۔اڈانی معاملے پر ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا گیا۔  اڈانی کا بہت سا بے نامی پیسہ مختلف شعبہ جات میں گھوم رہا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے بدعنوانی کے معاملے پر کچھ نہیں کہا جس سے پتہ چلتا ہے کہ نریندر مودی اڈانی کی حفاظت کر رہے ہیں جبکہ یہ قومی سلامتی اور انفرا اسٹرکچر کا مسئلہ ہے۔ وزیر اعظم کا کچھ نہ کہنا بہت بڑا گھپلا ہے۔

Related Posts