راولپنڈی: چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی کے اہم میچ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والا ٹاس بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل کے روز ہونے والے اس میچ سے قبل گراؤنڈ کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا جب ہلکی بوندا باندی جاری تھی۔
میچ آفیشلز، امپائر کرس گفنائے اور رچرڈ کیٹل بورو نے میدان کا معائنہ کیا تاہم مسلسل بوندا باندی اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث وہ ٹاس کو مقررہ وقت 1:30 بجے (پاکستانی وقت) پر کرانے سے قاصر رہے اور اسے ملتوی کر دیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی کے اس 50 اوورز کے ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو ہرایا تھا۔
گروپ اے میں بھارت اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ دفاعی چیمپئن پاکستان اور بنگلہ دیش ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں فتح سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو مزید مضبوط کر سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








