اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے جبکہ متعدد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، مری اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد متعدد شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور اور گوجرانوالہ میں شاہراہوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال کے وارڈ میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا۔رات گئے ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران 100 فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔شہریوں کو روزمرہ کاموں کی انجام دہی میں دشواری پیش آرہی ہے۔
اس کے علاوہ روالپنڈی کے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ، گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاؤ 4 فٹ تک پہنچ گیاہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں 30 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں سماہنی، میرپور، ڈڈیال، جاتلاں اور منگلا میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی آزاد کشمیر، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔7 جولائی تک پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








