راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں خوب بارش ہوئی، محکمۂ موسمیات نے کل بھی مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا، وسطی پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔
لوئر دیر میں طوفانی بارش، کاروباری مراکز ڈوب گئے، جی ٹی روڈ بھی بہہ گیا
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 1 روز میں اسلام آباد ، بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور خطۂ پوٹھوہار میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہوگی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقے گرم اور مرطوب موسم کی زد پر تھے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ دالبندین اور نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ خیبر پختون خوا کے صوبہ لوئر دیر میں گزشتہ شب طوفانی بارش سے کاروباری مراکز ڈوب گئے جبکہ جی ٹی روڈ بھی پانی میں بہہ گیا۔
گزشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق ضلع میں رات بھر تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش جاری رہی ، جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ جی ٹی روڈ بہہ گیا جس کی وجہ سے مسافروں نے پوری رات گاڑیوں میں رہ کر گزاری۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








