وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی بارش کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اسلام آباد میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، سرگودھا اور جہلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی توقع کی جارہی ہے جن میں فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور خوشاب شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حافظ آباد، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش متوقع ہے۔ ڈی جی خان، راجن پور، کوٹ ادو اور ساہیوال میں بھی بارش کی توقع کی جارہی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق سندھ میں بھی مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہوگیا، کراچی کے علاقے گڈاپ اور سپر ہائی وے پر موسلا دھار بارش کی توقع کی جارہی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں تاحال اربن فلڈنگ کا خطرہ نہیں، سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوگی۔
سندھ کے شہر جیکب آباد، کشمور، سکھر اور لاڑکانہ میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم سیلابی صورتحال کا امکان نہیں۔ ماہرین موسمیات نے موسلا دھار بارش کی پیشگوئی والے علاقوں میں بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








