محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں شدید بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں اس بار کے سیزن میں نمایاں بہتری کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر 6 سے دسمبر 10 کے دوران مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا جس کے بعد بارشوں کا پہلا باقاعدہ اور طویل اسپیل شروع ہوگا۔ یہ سلسلہ وقفوں وقفوں کے ساتھ پورے مہینے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں خاص طور پر بلوچستان کے ان اضلاع میں نمایاں بہتری لائیں گی جو گزشتہ عرصے سے شدید خشک سالی کا شکار رہے ہیں جن میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ شامل ہیں۔
کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی پہاڑی سلسلوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول کے مقابلے میں زیادہ فعال ہیں جبکہ بحیرہ عرب سے نمی بلوچستان کی جانب مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موسمی حالات نہ صرف بارشوں کے طویل سلسلے کا سبب بن رہے ہیں بلکہ زیر زمین پانی کی سطح اور ڈیموں میں ذخائر میں مثبت اضافہ بھی ممکن بنائیں گے۔
مجموعی طور پر یہ پیشگوئی بلوچستان اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لیے موسمی اور زرعی اعتبار سے خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








